advantages of use jepsum in soil

جپسم کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار میں 50 فیصد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے، محکمہ زراعت
نظامت زرعی اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ اگر آبپاش زرعی زمینوں کی مناسب طور پر دیکھ بھال نہ کی جائے تو ان میں سفید یا کالا کلر پیدا ہونے کے امکانات بہر حال موجود رہتے ہیں۔ اس لئے ان زمینوں میں جپسم کا مستقل بنیادوں پر ڈالا جانا ان کو شاداب رکھنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ جپسم ایک ایسا بنیادی جزو ہے جو زرعی زمینوں کی بہت سی اقسام اور زمینی پی۔
ایچ (pH) کے وسیع پھیلاؤ حتیٰ کہ کالے کلر تک کی موجودگی میں بھی زراعت یا کھیتی باڑی کو ممکن بناتا ہے۔ جپسم کالے کلر کی اصلاح کے ساتھ ساتھ زمین میں نامیاتی مادہ کی موجودگی کو دیر تک برقرار رکھنے، زمین کے مختلف اجزاء کے باہمی اختلاط، زمین میں پانی کے انجذاب اور کاشت کی گئی فصل کے جلد اگاؤ میں بھی ممد و معاون ثابت ہوتا ہے۔ ترجمان کے مطابق جپسم ایک عالمگیر زمینی اصلاح کار ہے۔ جپسم کے زرعی زمینوں کے لئے بے شمار فائدے ہیں جن میں زمینی ساخت کو بہتر بنانا، شور زدہ زمینوں کی اصلاح میں مدد کرنا، زمین کی اوپری سطح کو سخت ہونے سے بچانا، بیج کی روئیدگی میں مدد کرنا، آبپاشی کے طور پر استعمال ہونے والے پانی کی حل پذیری کو بہتر بنانا، زمین کی تیاری میں معاون ثابت ہونا ، زمینی کٹاؤ اور زمین کا پانی کے ساتھ بہاؤ روکنے میں مدد کرنا، شور زدہ زمینوں کی پی۔
ایچ کم کرنا ، تیزابی زمینوں کی پی۔ ایچ بڑھانا، چکنی مٹی کے ذرات کے پھیلاؤ کو کم کرنا، زمینوں میں نامیاتی مادہ کے تا دیر قیام کو بڑھانا، زمینی حالت بہتر بنانے والے مرکبات کی کاکردگی کو بہتر بنانا، میگنیشیم کے مضر اثرات کو روکنا، پودوں کو غذائی اجزاء کو جذب کرنے میں مددگار ثابت ہونا، بھاری دھاتوں کے مضر اثرات کو کم کرنا، نامیاتی مرکبات کی کارکردگی بہتر بنانا، پھلوں کی کوالٹی بہتر اور پودوں کو بیماریوں سے بچانا اور نائٹروجنی کھاد کا ہوا میں ضیاع کم کرنا شامل ہیں ۔ لہٰذا جپسم کے استعمال سے کسی بھی فصل کی پیداوار کو 10 تا 50 فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔