دیسی کھانڈ بناؤ اور پیسا کماؤ

گزشتہ مضمون میں ہم نے آپ کو تمام جمع تفریق کر کے بتایا تھا کہ، گنا مل کو دینے یا گڑ بنانے میں کس کام میں‌نفع زیادہ ہے. اور آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آئندہ مضمون میں آپ کو بیلنا لگانے کا خرچ اور پڑائی کے وقت کے بارے میں تفصیلات بتائیں گے.
بیلنا، کڑاہا و دیگر سامان کتنے کا آئے گا؟
کماد پِیڑنے کے لئے عام طور پر تین سائز کے بیلنے مارکیٹ میں دستیاب ہیں.چھوٹا، درمیانہ اور بڑا.
چھوٹے بیلنے کو 20 جھری کا بیلنا کہتے ہیں، درمیانے کو 22 جھری اور بڑے کو 24 جھری کا. (بیلنے کا سائز گوگڑ کے اوپر لگی ہو جھریوں کے حساب سے ہوتا ہے).
20 یا 22 جھری کے بیلنے کی قیمت برابر ہے یعنی 85 ہزار روپے. لیکن 24 جھری کے بیلنے کی قیمت تھوڑی زیادہ یعنی ایک لاکھ 5 ہزار روپے ہے.
کسان بھائیوں کے لئے مشورہ ہے کہ 22 جھری کا بیلنا خریدیں. قیمت بھی کم او کام بھی مناسب.
یہ بیلنا فیصل آباد سمندری روڈ پر زرعی آلات کی مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہے اور قیمتیں بھی اسی مارکیٹ کے حساب سے درج کی گئی ہیں.
گڑ بنانے کے لئے بیلنے کے علاوہ کڑاہے کی بھی ضرورت ہوتی ہے. اچھا کڑاہا 15 یا 20 ہزار روپے میں مل جاتا ہے.
اس کے علاوہ ایک گنڈ چاہئیے جو مقامی ترکھان لکڑ سے بنا دے گا. علاوہ ازیں، میل اتارنے والی ایک لوہے کی پونی، پت ہلانے والا ایک جھانواں، پیسیاں بنانے والی کھرپی کے علاوہ میٹھے سوڈے اور رنگ کاٹ کی بھی ضرورت ہوتی ہے. یہ چھوٹا چھوٹا سارا سامان زیادہ سے زیادہ 5 یا 7 ہزار میں مل جائے گا.
چہبا یا بھٹی کھودنے کی مزدوری تقریباََ 10 ہزار روپے ہے. دیہاتوں میں چہبا بنانے کے کاریگرپہلے تو عام مل جاتے تھے. لیکن اب چونکہ کسانوں نے گڑ بنانا چھوڑ دیا ہے- اس لئے کاریگر کو ڈھونڈنے میں تھوڑا تردد کرنا پڑ سکتا ہے. لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ کاریگر بلکل ہی ختم ہو گئے ہیں. تھوڑی سی کوشش سے آپ کو چہبا بنانے والا کاریگر مل جائے گا.
22 جھری کے بیلنے کو چلانے کے لئے آپ کو 20 ہارس پاور کا ایک پیٹر انجن بھی چاہیئے. جو تقریبا 40 ہزار میں مل جائے گا. اس طرح بیلنا چلانے اور گڑبنانے کا کام چالو کرنے کے لئے آپ کو ابتدائی طور پر ایک لاکھ 60 ہزار کا سرمایہ درکار ہو گا. لیکن اگر آپ کے پاس ٹریکٹر پہلے سے موجود ہے تو پھر آپ کو پیٹر انجن کی ضرورت نہیں اور آپ ایک لاکھ 20 ہزار روپے سے ہی اپنا کام چلا سکتے ہیں.
ایک ایکڑ کی پڑائی یا گڑ بنانے میں کتنا وقت لگے گا؟
اگر آپ صرف ایک چہبا یا بھٹی چلاتے ہیں تو 12 سے 15 دن میں ایک ایکڑ سے گڑ بن جائے گا. اس طرح 4 سے پانچ ایکڑ کماد پیڑنے میں 2 مہینے لگ سکتے ہیں.
البتہ اگر آپ گڑ بنانے والی مشین لگا لیں تو اس سے ایک ایکڑ کماد ایک دن میں بھگتایا جا سکتا ہے. یہ مشینیں انڈیا میں تو عام ہیں. لیکن پاکستان میں ابھی ان کا رواج نہیں ہے. یہ مشین پاکستان میں با آسانی تیار کی جا سکتی ہے. یہ گڑ مشین کیسے اور کہاں سے بنے گی، اس کی تمام تر تفصیلات پھر کبھی لکھوں گا.
گڑ کی بجائے دیسی کھانڈ بنالیں تو سونے پہ سہاگے والی بات ہے.
وقت کی ضرورت ہے کہ کسان چینی (جسے سفید زہر بھی کہا جاتا ہے) کو خدا حافظ کہ کر اپنے گھروں میں گڑ اور دیسی کھانڈ کا استعمال شروع کریں. گڑ اور دیسی کھانڈ کے کیا فوائد ہیں اور چینی کے کیا نقصانات ہیں، جلد ہی اس پر ایک تفصیلی مضمون لکھا جائے گا.
فی الحال آپ کو یہ بتاتے ہیں کہ
ایک ایکڑ کماد سے کتنی دیسی کھانڈ بنتی ہے.
اگر کماد کی پیداوار 800 من فی ایکڑ مان لی جائے تو اس سے کم و بیش 40 من دیسی کھانڈ بن جاتی ہے.
اگر آپ ایک ایکڑ سے دیسی کھانڈ بناتے ہیں تو 40 من کھانڈ کے علاوہ آپ کو 45 سے 50 من پناہ گیر یا کالا گڑ بھی حاصل ہو گا.
لہذا
دیسی کھانڈ بنانے کی صورت میں فی ایکڑ آمدن کچھ یوں ہو گی.
ایگری اخبار کی معلومات کے مطابق پنجاب میں چینی بنانے کا سب سے زیادہ رجحان ضلع بہاولپور کی تحصیل یزمان میں ہے. یزمان کی منڈی چینی کا ریٹ کم و بیش 3 ہزار جبکہ پناہ گیر یا کالے گڑ کا ریٹ 15 سو روپے فی من ہے.
اس طرح سے 40 من چینی کی آمدن ایک لاکھ 20 ہزار روپے اور 45 من پناہ گیر گڑ کی آمدن تقریبا 67 ہزار روپے بنے گی.
اس کا مطلب یہ ہے کہ چینی بنانے کی صورت میں کسان کی ھی ایکڑ آمدن ایک لاکھ 87 ہزار کے قریب ہو گی.
دیسی کھانڈ‌ بنانے کی صورت میں فی ایکڑ خرچہ کتنا ہو گا.
دیسی کھانڈ بنانے کا خرچہ بھی تقریبا گڑ بنانے کے خرچے جتنا ہی ہے. لہذا جسا کہ ہم گزشتہ آرٹیکل میں حساب بتا چکے ہیں، اسی طرح دیسی کھانڈ‌بنانے کا خرچ تقریبا 40 ہزار روپے فی ایکڑ ہو گا.
دیسی کھانڈ‌ بنانے کی صورت میں فی ایکڑ منافع کتنا ہو گا.
چونکہ دیسی کھانڈ بنانے کی صورت میں خرچ 40 ہزار اور آمدن ایک لاکھ 87 ہزار روپے ہے. اس طرح کسان کا فی ایکڑ خالص‌منافع تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپے ہو گا.
البتہ مل کو گنا دینے کی صورت میں آپ کا خالص منافع کیا ہوگا. اس بات کا حساب آپ خود لگا لیں.
دیسی کھانڈ بنانے والی مشین کہاں سے ملے گی اور اس کی قیمت کیا ہےِ
دیسی کھانڈ بنانے والی مشین سمندری روڈ فیصل آباد سے تقریباََ ڈیڑھ سے دو لاکھ میں تیار کروائی جا سکتی ہے.
اس مشین کو چلانے کے لئے ایک پیٹر انجن بھی چاہیئے. وہی بیلنے والا پیٹر انجن یہ مشین چلانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے.

Comments